کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی نے لائن آف کنٹرول پر 5000 سے زائد مریضوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کیں، ڈاکٹر آصف محمود جاہ

جمعرات 12 ستمبر 2019 12:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ سوسائٹی نے لائن آف کنٹرول پر 5000 سے زائد مریضوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کی ہیں، سوسائٹی مسلسل امداد جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی دکھی انسانیت کی خدمات کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے جس کے لئے بھارتی جارحیت سے متاثرہ لائن آف کنٹرول کے متاثرہ افراد کو علاج معالجہ اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سوسائٹی غریب، نادارمریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے ملک میں مزید ڈسپنسریاں قائم کررہی ہے، ایک نئی ڈسپنسری اسلام آباد میں کام کررہی ہے جبکہ دیگر مقامات پرمزید ڈسپنسریاں کھولی جا رہی ہیں۔ آصف محمود جاہ نے کہاکہ غریب لوگوں کے مفت لیبارٹری ٹیسٹ، ایکسرے، الٹراسائونڈ کی سہولت کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ موجودہ مہنگائی کے پیش نظر غریب عوام مہنگے علاج کی استطاعت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے سوسائٹی کی خدمات سے بھر پور استفادہ کر رہے ہیں۔