سینئر لنکن کھلاڑیوں کا پاکستان آنے سے انکار، شعیب اختر نے ’احسان فراموشوں‘ کو پاکستانی احسانات گنوادیے

حال ہی میں جب سری لنکا میں ایسٹر دھماکے ہوئے تو ہم نے اپنی انڈر 19 ٹیم کو وہاں بھجوایا: راولپنڈی ایکسپریس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 12 ستمبر 2019 12:31

سینئر لنکن کھلاڑیوں کا پاکستان آنے سے انکار، شعیب اختر نے ’احسان فراموشوں‘ ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12ستمبر2019ء) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار پر انہیں وہ وقت یاد دلایا ہے جب مشکل وقت میں پاکستان نے سب سے آگے بڑھ کر سری لنکا کی مدد کی تھی۔ٹوئٹر پرشعیب اختر نے کہا کہ انہیں پاکستان آنے سے انکار کرنے والے 10 سری لنکن کرکٹرز کے رویے سے سخت مایوسی ہوئی ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکن کرکٹ کی سب سے بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔

شعیب اختر نے بتایا کہ حال ہی میں جب سری لنکا میں ایسٹر دھماکے ہوئے تو ہم نے اپنی انڈر 19 ٹیم کو وہاں بھجوایا ، اور یہ پہلی انٹرنیشنل ٹیم تھی جو سری لنکا میں کھیلنے کیلئے گئی اور یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ کوئی 1996 ءکے ورلڈ کپ کو بھول جائے جب آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے انڈیا کے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ ٹیم بنائی اور کولمبو میں دوستانہ میچ کھیلا۔

شعیب اختر نے کہا کہ ہم سری لنکا کی طرف سے ان احسانات کے بدلے کی توقع رکھتے ہیں ، ان کا بورڈ تعاون کر رہا ہے ، کھلاڑیوں کو بھی تعاون کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم کے 10 کھلاڑیوں نے پاکستان میں شیڈول ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ سری لنکن کھلاڑیوں نے انکار بھارتی دباﺅکی وجہ سے کیا ہے کیونکہ انڈین کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ پاکستان میں کھیلنے گئے تو انہیں آئی پی ایل سے آﺅٹ کردیا جائےگا۔