Live Updates

ْامید ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان جلد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا ،

مذاکرات کی بحالی سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کی راہ ہموار ہوگی ،دوسری صورت میں تشدد میں اضافہ ہوگا، افغانستان میں مزید کشیدگی اور بے چینی پیدا ہوگی پاکستانی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا افغانستان کی صورتحال سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب

جمعرات 12 ستمبر 2019 14:10

ْامید ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان جلد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان جلد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا جو گزشتہ ہفتہ اچانک معطل ہوگئے تھے ،مذاکرات کی بحالی سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کی راہ ہموار ہوگی جس سے اٖفغانستان میں طویل عرصہ سے جاری لڑائی کا پرامن خاتمہ ممکن ہو سکے گا ، افغانستان کی صورتحال سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ امن مذاکرات میں تعطل عارضی ہے اور ہمیں امید ہے کہ مذاکرات جلد شروع ہوں گے کیونکہ دوسری صورت میں تشدد میں اضافہ ہوگا کہ جس سے افغانستان میں مزید کشیدگی اور بے چینی پیدا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تشدد کی مذمت کی ہے اور تمام فریقین پر ضبط وتحمل اختیار کرنے اور اس یقین کے ساتھ امن عمل سے وابستہ رہنے پر زور دیا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکا اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے دس ادوار سے مسئلہ کے حل کی پہلی بنیاد رکھنے کے امکانات روشن ہوئے اور امیدیں پیدا ہوئیں کہ فریقین 18 سال میں ایک دوسرے کے قریب آگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہاکہ مذاکرات کے حالیہ تعطل سے امیدیں ٰختم نہیں ہونی چاہیں اور امن کوششوں کے لئے عزم میں کمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ دوبارہ رابطہ کریں اور جلد مذاکرات کریں ۔انہوں نے کہا افغانستان میں چار عشروں کی لڑائی اور غیرملکی مداخلت سے خود اٖفغانستان اور پاکستان سے زیادہ کسی اور ملک کا نقصان نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ جون میں افغان صدر اشرف غنی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ماضی کی بے اعتمادی ختم کرتے ہوئے ایک روشن خیال سوچ اختیار کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں سہولت کے لئے ہماری کوششیوں میں طورخم کی سرحدی چوکی یومیہ بنیادوں پرتجارتی ٹریفک کے لئے کھولنا اور اپنی فضائی حدود کھولنا بھی شامل ہے جس سے ہمارے دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔

سکیورٹی کونسل کو افغانستان کے لئے خصوصی پراجیکٹس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو تعلیم صحت ،تعمیر نو اور انفرا سٹرکچر کے شعبوں کی ترقی کے لئے نمایاں امداد دی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے بھائی بہنوں کے لئے اپنے گھر اور دل کھولتے ہوئے چار عشروں تک لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مدد کی ،ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہم نے ان کی محفوظ ،باوقار اور رضاکارانہ واپسی کا تہیہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر گزشتہ ہفتہ اسلام آباد میں چین افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی مذاکرات کا تیسرا دور ہوا جنہوں نے تنازعہ کو سیاسی بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا جو افغانوں کی زیر ملکیت اور انہی کی زیر قیادت ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات