Live Updates

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اہم کردار ادا کیا ، وہ اس وقت مسئلہ کشمیر کے سب سے بڑے سفیر ہیں

مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم ڈھایا جارہا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، وہاں پر کرفیو نہیں بلکہ محاصرہ قائم ہے ، وزیرا عظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری

جمعرات 12 ستمبر 2019 14:39

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اہم کردار ادا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) وزیرا عظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اہم کردار ادا کیا ہے،وہ اس وقت مسئلہ کشمیر کے سب سے بڑے سفیر ہیں ،بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم ڈھایا جارہا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، وہاں پر کرفیو نہیں بلکہ محاصرہ ہے کرفیو حکومتی پراپرٹی یا انسانی جانوں کو بچانے کے لیے لگایا جاتا ہے مگر وہاں پر محاصرہ کر کے لوگوں کو قید کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوپی ایف گرلز کالج ایف ایٹ ٹو اسلام آباد میں یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ شہداء کو یاد کرنا ہمارا فرض ہے ہمیں اپنی افواج کو سلیوٹ کرنا چاہیے کہ آج ان کی جانب سے سرحدوں پر پہروں کی وجہ سے ہم امن و امان کے ساتھ اپنے شہروں میں رہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا ایشو 2019ء کا سب سے بڑا ایشو ہے،دوسرے ممالک حقوق کی بات تو کرتے ہیں لیکن کشمیر میں جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا،ان لوگوں کو انسانیت کی فکر نہیں رہی، وہاں پنڈتوں کو مقبوضہ کشمیر میں زمینیں خرید کردینے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے اگر یہی حالات رہے تو خدشہ ہے دو سے تین سال میں 2سے 3 ملین کشمیری مہاجرین کے روپ میں پاکستانی بارڈرز پر کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اہم کردار ادا کیا ہے،وہ اس وقت مسئلہ کشمیر کے سب سے بڑے سفیر ہیں کیونکہ ان کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔مقبوضہ کشمیر کے حالیہ مسئلہ نے پوری پاکستانی قوم کو متحد کر دیا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کو مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے ظلم وستم کے حوالے سے اپ ڈیٹ کریں ۔تقریب سے اوپی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر شیخ، پرنسپل کالج شاہینہ مسعود و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات