سعودی عرب کی سکول کینٹینز میں کھانے پینے کی اشیاء کے نرخ مقرر کر دیئے گئے

کوئی بھی چیز 4 ریال سے زائد میں فروخت نہیں کی جائے گی، غیر صحت بخش اشیاء ممنوع

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 ستمبر 2019 14:49

سعودی عرب کی سکول کینٹینز میں کھانے پینے کی اشیاء کے نرخ مقرر کر دیئے ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12ستمبر 2019ء) سعودی عرب میں تمام اسکولز کی کینٹینز کے مالکان کو پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ طلباء و طالبات کو فروخت کرنے والی کھانے پینے کی تمام اشیاء کو ایک ہی نرخ پر فروخت کریں گے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے تمام سکولوں کو بھیجے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کینٹین میں صرف اجازت شدہ اشیاء ہی رکھی جائیں گی۔ غیر ضروری اور صحت کو نقصان پہنچانے والی اشیاء رکھنے کی ممانعت ہو گی۔

جبکہ کوئی بھی کھانے پینے کی چیز کو 4 ریال سے زائد میں فروخت نہیں کیا جائے گا۔ اسنیکس اور سافٹ ڈرنکس سکول کی کینٹین میں فروخت کے لیے نہیں رکھی جائیں گی۔ انڈے کا سینڈوچ، چھوٹا پراٹھا، پنیر سینڈویچ 1 ریال میں، سموسے، پکوڑے اور دیگر تلی ہوئی اشیاء 2 سے 3 ریال میں، جبکہ پنیرا پیزا اور ویجی ٹیبل پیزا 4 ریال تک میں فروخت ہو گا۔

(جاری ہے)

یہ نرخ سعودی عرب کی تمام سکول کینٹینز پر لاگو ہوں گے۔

قیمتوں میں فرق کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جن کینٹینز پر مقرر شدہ نرخ سے زائد پر مخصوص اشیاء فروخت کی جائیں گی، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی اور جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سعودی وزرت صحت اور فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے سکول کینٹین میں فروخت کے لیے غذائی اشیاء کی مخصوص فہرست فراہم کی گئی تھی، جن کے علاوہ کوئی اور غذائی مصنوعات فروخت کرنے پر پابندی عائد ہو گی۔