Live Updates

پاکستان کشمیری عوام کا عظیم محسن ہے پاکستان نے خود زخم کھائے لیکن کشمیری عوام کے موقف کو ہر دور میں بین الاقوامی فورمز پر اُٹھایا‘قائمقام صدر آزاد کشمیر

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) قائمقام صدر آزاد کشمیر سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کا عظیم محسن ہے پاکستان نے خود زخم کھائے لیکن کشمیری عوام کے موقف کو ہر دور میں بین الاقوامی فورمز پر اُٹھایا۔ اقوام عالم اور بعض عالمی طاقتوں نے پاکستان کو دھوکہ دیا، پاکستان کو دولخت کر دیا گیا لیکن یہی پاکستان دُنیا کی بڑی ایٹمی طاقت بن چُکا ہے۔

مضبوط پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن اور مضبوط وکیل ہے۔ اس پر ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بھرپور اعتماد ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور کشمیر کے حوالے سے منفی پراپیگنڈوں کا سد باب کرے۔قائمقام صدر آزاد کشمیر سردار عامر الطاف خان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی صدر کی جانب سے ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کا ادارہ موجود ہے جس کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ، چین ، روس، سعودی عرب کو ثالثی میں شامل کیا جائے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ ضامن کے فرائض سر انجام دے۔ پاکستان، بھارت اور بنیادی فریق کشمیر ی عوام کی قیادت کو شامل رکھ کر مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی 5جنوری 1949ء کی قرارداد حق خودارادیت کے مطابق حل کیا جائے۔ قائمقام صدر آزاد کشمیر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہء مظفرآباد کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہرفورم پر بھرپور آواز بلند کر رہا ہے۔ کشمیری عوام توقع رکھتے ہیں کہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ بھارتی مظالم اور قبضہ کے خاتمہ اور کشمیری عوام کو آزادی کا حق دلانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات