20 ویں ایشین سینئر مینز والی بال چیمپئن شپ (آج) ایران میں شروع ہو گی

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:00

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) 20 ویں ایشین سینئر مینز والی بال چیمپئن شپ (آج) جمعہ سے ایران میں شروع ہو گی۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان کی والی بال ٹیم ایران پہنچ چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔ چیمپئن شپ میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں ایران، آسٹریلیا، قطر اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ بی میں جاپان، تائیوان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ سی میں قازقستان، چین ، عمان اور بھارت کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان، کوریا، کویت اور انڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان اپنے گروپ میں تین میچ کھیلے گا اور پاکستان اپنے گروپ کا پہلا میچ (آج) جمعہ کو کوریا کے خلاف کھیلے گا، دوسرا گروپ میچ 14 ستمبر کو انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 15 ستمبر کو کویت کے خلاف کھیلے گا۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ 21 ستمبر تک جاری رہے گی۔ گذشتہ ماہ میانمار میں کھیلی گئی ایشین انڈر۔23 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، تائیوان، بھارت اور جاپان نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔