تمام اسیر اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں، یہ ان کا آئینی حق ہے کہ وہ قومی اسملبی میں آ کر اپنے حلقے کے عوام کی نمائندگی کر سکیں، شاہد خاقان عباسی کا سپیکر قومی اسمبلی کے نام کھلا خط

جمعرات ستمبر 15:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے سپیکر قومی اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ تمام اسیر اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں کیونکہ یہ ان کا آئینی حق ہے کہ وہ قومی اسملبی میں آ کر اپنے حلقے کے عوام کی نمائندگی کر سکیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی کے نام لکھے گئے کھلے خط میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوان کے محافظ کے طورپر سپیکر قومی اسمبلی کی یہ بنیادی اور دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف تمام ارکان کی بغیر کسی رکاوٹ ایوان میں حاضری کو لازمی بنائیں بلکہ اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ ان کی حاضری کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل ہے تو اسے بھی دور کریں۔

قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط اس ضمن میں سپیکر کو مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا امتیاز ایوان کے تمام قیدی ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے جائیں، مجھے افسوس ہے کہ میں ایوان کی کارروائی میں اس وقت تک شرکت نہیں کرسکتا جب تک کہ تمام قیدی ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے جاتے، خواہ آپ میرے پروڈکشن آرڈرز ہی کیوں نہ جاری کریں۔