ویں قومی گیمز پشاور کیلئے کراچی کراٹے تربیتی کیمپس کا آغاز

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) پشاور میں 26 اکتوبر شروع ہونے والی33 ویں قومی گیمز کیلئے کراچی کراٹے تربیتی نشست کا آغاز ہو گیا، کراچی کا کیمپ جمنازیم ہال ککری گرائونڈ لیاری میں جاری ہے۔ سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سینسی عبدالحمید کے اعلامیہ کے مطابق 33 ویں قومی گیمز پشاور 26 اکتوبر تا یکم نومبر تک منعقد ہوں گے جس میں کراٹے کے مقابلے ورلڈ کراٹے فیڈریشن کے نئے مقابلہ قوانین کے تحت ہوں گے، مقابلوں میں گرلز اینڈ بوائز کے تمام ایونٹ شامل ہوں گے۔

کراچی کا تربیتی کیمپ جمنازیم ہال ککری گرائونڈ لیاری کراچی میں شروع ہوچکا ہے جس میں فزیکل فٹنس، کراٹے کھیون کمیتے، کاتا اور ورلڈ کراٹے فیڈریشن کے نئے مقابلہ قوانین کی تربیت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سابقہ نیشنل چیمپئن حامد بختیار کو اس کیمپ کا فزیکل فٹنس اور کمیتے کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ایشین کراٹے فیڈریشن کے کوالیفائیڈ جج سینسی عبدالرحیم کاتا کی تربیت دیں گے اور پاکستان کراٹے فیڈریشن کے رجسٹرڈ ریفری سینسی کرامت اللہ خان، ورلڈ کراٹے فیدریشن کے نئے مقابلہ قوانین کی تربیت دیں گے جبکہ محمد معین ڈھیڈی کو کارڈ اینالسٹ مقرر کیا گیا ہے وہ کیمپ کے تمام کھلاڑیوں اور کوچز کے ریکارڈ کو اپڈیٹ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

کراچی کا تربیتی کیمپ روزانہ شام 7 تا رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔ سندھ مینز اور ویمنز کراٹے ٹیم کے فائنل ٹرائلز کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائیگا جس میں تمام الحاق شدہ کراٹے یونٹس کے کھلاڑی اپنی 2 عدد پاسپورٹس سائز تصویر، شناختی کارڈ یا "ب" فارم کی کاپی کے ساتھ شرکت کر سکتے ہیں۔ سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر سینسی نسیم قریشی نے کہا کہ سندھ کراٹے کی ٹیم قومی گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔