Live Updates

افغانستان میں امریکی ناکامی کا الزام پاکستان پر لگانا غیرمنصافانہ ہے، وزیر اعظم عمران خان

اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں ، معیشت کو سو ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان پہنچا ،58 ممالک کا پاکستان کا ساتھ دینا قابل ستائش اور یورپی یونین کا مطالبہ خوش آئند ہے،انٹرویو ، ٹوئٹ

جمعرات 12 ستمبر 2019 17:39

افغانستان میں امریکی ناکامی کا الزام پاکستان پر لگانا غیرمنصافانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیر منصافانہ ہے،اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں ، معیشت کو سو ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان پہنچا ،58 ممالک کا پاکستان کا ساتھ دینا قابل ستائش اور یورپی یونین کا مطالبہ خوش آئند ہے۔

روسی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے۔انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں انہی لوگوں کو تربیت دی گئی، جس کا فنڈ سی آئی اے نے دیا تھا، یہ تربیت یافتہ لوگ تھے اور ایک عشرے بعد جب امریکا وہاں گیا تو کہا گیا کہ یہ جہاد نہیں یہ دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے انہوں نے محسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا، امریکا کا اتحادی بننے سے یہ گروپس ہمارے خلاف ہوگئے اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ شروع سے ہی اس جنگ کے خلاف تھے، اس جنگ سے معیشت کو 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔وزیراعظم نے کہا کہ اب آخر میں افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام ہم پر لگادیا گیا جو کہ یہ غیر منصافانہ ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں 58 ممالک نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا استعمال روکنے اور پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا، 58 ممالک کا پاکستان کا ساتھ دینا قابل ستائش اور یورپی یونین کا مطالبہ خوش آئند ہے۔وزیراعظم عمران خان نے زور دیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجائے اور کشمیریوں کے حقوق کا تحفظ و احترام کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات