کھلاڑیوں کے لئے پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے، مصباح الحق

محنت کو اہنی عادت بنالیں، کوئی مسئلہ ہوتو کوچز سے بات کریں اور مجھ سے رابطہ کریں، ہیڈ کوچ کی ہدایت

جمعرات 12 ستمبر 2019 17:51

کھلاڑیوں کے لئے پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے لئے پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے۔قائد اعظم ٹرافی کیلئے ٹیموں کا کیمپس کا آغاز ہوگیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں تمام کرکٹرز کے قذافی اسٹیڈیم میں فٹنس ٹیسٹ لیے گئے۔اس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل پنجاب کے کیمپ میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لیکچر دیا۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے کہا کہ پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے، نئے سسٹم اور نئے طریقہ کار کے مطابق خود کو ڈھالیں جس چیز کی بھی پریکٹس کریں اس کو پریکٹس برائے پریکٹس سمجھ کر نہ کریں بلکہ مکمل جان ماریں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ میں نے اس خامی کو بہتر کرنا یے۔ یہ سوچ ہو گی تو پرفارمنس بھی بہتر ہوگی اور سب خوش بھی ہوں گے۔ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، جو فٹنس، ڈسپلن کے ساتھ کارکردگی میں سب سے آگے ہوگا وہ ہماری ترجیحات میں شامل ہوگا۔ مصباح نے کرکٹرز کو تلقین کی کہ محنت کو اہنی عادت بنالیں۔ کوئی مسئلہ ہوتو کوچز سے بات کریں اور مجھ سے رابطہ کریں۔