Live Updates

وزیراعظم کل مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے، فردوس عاشق

مظفرآباد میں پوری قوم کشمیریوں کو پیغام دے گی، کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، جنیوا کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے، سندھ کارڈ کھیلنے والوں کی مذمت کرتی ہوں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 12 ستمبر 2019 17:12

وزیراعظم کل مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے، فردوس عاشق
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 ستمبر2019ء) وفاقی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کل مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے،وزیراعظم خطاب میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اجاگر کریں گے، مظفرآباد میں پوری قوم کشمیریوں کو پیغام دے گی، کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں،جنیوا کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ آج قومی اسمبلی نے اپنا ایک سال مکمل کرلیا ہے۔ صدر پاکستان کا پارلیمنٹ سے خطاب جمہوری روایات کا تسلسل ہے۔ صدرمملکت پارلیمنٹ سے خطاب کرکے جمہوری طریقہ کارکوبرقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو غیرذمہ درانہ بیانات سے اجتناب کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

کسی صوبے کی تقسیم کا بیان دے کرایک بار پھر کارڈ کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میں سندھ کارڈ کھیلنے کی ایک مرتبہ پھرمذمت کرتی ہوں۔ سندھ کو نانا جی کی ملکیت سمجھنے والے کچرے پر سیاست کر رہے ہیں۔ فردوس عاشق نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو سہولیات پہنچانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ بیڈ گورننس کا خمیازہ سندھ کے عوام بھگت رہے ہیں۔ حکومت کسی صوبے کے آئینی اورجمہوری حقوق پرحملہ نہیں کرے گی۔

سندھ حکومت اپنے ووٹروں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے۔ حکومت آئینی طریقے سے سندھ میں رول آف لاء کو ممکن بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ پاکستان کی معیشت کا حب سمجھا جانے والا صوبہ بیڈ گورننس کا شکار ہے۔ واضح رہے اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حکومت کو سندھ کی تقسیم کرنے پر خبردار کیا ہے کہ بنگلا دیش کےبعد سندھو دیس اور سرائیکی دیس بھی بن سکتا ہے، انتخابی مہم میں ہی جانتے تھے جی ڈی اے، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اتحاد کا کیا خواب تھا۔

اب انہوں نے اپنی نیت واضح کردی ہے۔ ہاتھ دکھا دیا اور عمل اٹھا دیا۔ ان کی نیت کراچی پر غیر آئینی طریقے سے قبضہ کرنا ہے۔ ان کا خواب تھا کہ کراچی کے لیے ایک انتظامی یونٹ بنایا جائے۔ عمران خان کی حکومت کو گھر جانا چاہیے، عمران خان کی جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، ہم خون دیں گے، سر دیں گے لیکن پاکستان پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات