وزیراعلیٰ پنجاب کے لیٹر پیڈ پر ان کے بھائی کے حوالے سے لکھی گئی تحریرجعلی نکلی

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس بھی لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 ستمبر 2019 17:15

وزیراعلیٰ پنجاب کے لیٹر پیڈ پر ان کے بھائی کے حوالے سے لکھی گئی تحریرجعلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر 2019ء) : وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے لیٹر پیڈ کے غلط استعمال کا نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی سردار جعفر خان بزدار کے حوالے سے لکھی گئی تحریرجعلی نکلی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بھائی سردار جعفر خان بزدار کے نام سے کیے جانے والے دستخط بھی جعلی ہیں۔

جعلی لیٹر پیڈ جاری کرنے والے شخص کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے بھائی کا نام استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات ہوں گی۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ گاڑی نمبر ایل ڈبلیوایل 916 وزیراعلیٰ پنجاب کے کسی عزیز کے زیر استعمال نہیں ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر موصول ہوئی تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی سردار جعفربزدار نے وزیراعلیٰ ہاؤس کا لیٹر پیڈ استعمال کیا جس پر ایک گاڑی کا نمبر درج ہے۔

لیٹر پیڈ پر تحریر کیا گیا کہ گاڑی کا مالک قریبی عزیز ہے۔ لیٹر پیڈ پر سردار جعفر بزدار کا نام واضح طور پر درج ہے۔ لیٹر پیڈر کی تصویر ایک ٹریفک وارڈن نے بنائی تھی ۔ مذکورہ گاڑی کے مالک نے اس لیٹر پیڈ کی لیمینیشن کروائی ہوئی تھی اور وہ شہر میں جگہ جگہ یہ لیٹر پیڈ دکھا کر چالان ہونے سے اپنی جان چُھڑواتا تھا۔