سائٹ ایریا میں حب ریور روڈ پر ٹرالر ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکارکو تشدد کا نشانہ بناڈالا

بیہوش ٹریفک پولیس اہلکارکو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت حاصل کے نام سے ہوئی،ڈی آئی جی کا واقعہ سے اظہار لاعلمی

جمعرات 12 ستمبر 2019 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) سائٹ ایریا میں حب ریور روڈ پر ٹرالر ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکارکو تشدد کا نشانہ بناڈالا جس کے باعث ٹریفک پولیس اہلکار بے ہوش ہوکرسڑک پرگرگیا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاون فیکٹری کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار نے ٹرالرڈرائیورکوہیوی ٹریفک کے لیے بند شاہراہ پر جانے سے روکا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈرائیور نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیومنظرعام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوسرا ٹریفک پولیس اہلکار ٹرالر ڈرائیورکو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے بھی دھکے دیے جاتے ہیں۔بعدازاں بے ہوش ٹریفک پولیس اہلکارکو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت حاصل کے نام سے ہوئی جو بلدیہ ٹاون ٹریفک سیکشن میں تعینات ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر اور ایس ایس پی ٹریفک ویسٹ ڈاکٹر نجیب نے واقعے سے لاعملی کا اظہار کیا ہے۔