Live Updates

لیگی رہنما کا وزیراعظم کو مریم نواز کو مظفر آباد جلسے میں دعوت دینے کا مشورہ

مریم نواز جیل میں ہیں،وزیراعظم چاہیں تو بھی انہیں ساتھ لے کر نہیں جا سکتے۔ پی ٹی آئی رہنما کا جواب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 12 ستمبر 2019 17:22

لیگی رہنما کا وزیراعظم کو مریم نواز کو مظفر آباد جلسے میں دعوت دینے ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 ستمبر 2019ء) وزیراعظم عمران خان 13 ستمبر کو مظفر آباد میں ایک بہت بڑا جلسہ کریں گے۔ سینئیر صحافیوں کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کو بھی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ جلسے میں شریک ہوں تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام جائے کہ سیاسی مسائل ایک طرف لیکن مسئلہ کشمیر پر پورا پاکستان ایک ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے بھی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے خلاف مظفر آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعدازاں انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا  جس کے باعث وہ جلسے کا انعقاد نہ کر سکیں۔وزیراعظم کے دورہ مظفرآباد کی پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بھی حمایت کر دی ہے۔وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں کی کشمیری جانے کی تجویز کو بہترین قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما محمد زبید کا کہنا ہے کہ مریم نواز کشمیر بنے گا پاکستان ریلی کے لیے مظفرآباد جانا چاہتی تھیں ،وزیراعظم عمران خان انہیں دعوت دیں۔جب کہ پی ٹی آئی رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ مریم نواز جیل میں ہیں وزیراعظم عمران خان چاہیں بھی تو انہیں ساتھ لے کر نہیں جا سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا۔تاہم ن لیگ میں ابھی بھی دو گروپس موجود ہیں،ایک گروپ کو شہباز شریف لیڈ کر رہے ہیں جب کہ دوسرے گروپ کو مریم نواز لیڈ کرتی ہیں۔مسلم لیگیوں کی اکثریت اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتی۔ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ عمران خانا کسی بھی پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے کی تائید نہیں کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات