چودھری شجاعت حسین صحتیاب ہو گئے

چودھری شجاعت حسین جلد ہی پاکستان واپس لوٹیں گے۔ مونس الٰہی کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات ستمبر 17:23

چودھری شجاعت حسین صحتیاب ہو گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر 2019ء) : مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین صحتیاب ہوگئے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مونس الٰہی نے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے چودھری شجاعت حسین صحیتاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی وطن واپس لوٹیں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین علیل تھے جس پر انہیں جرمنی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج کروایا گیا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین کے اسپتال داخل ہونے کی خبر موصول ہوتے ہی چودھری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی اور چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے اہل خانہ سمیت جرمنی روانہ ہو گئے تھے۔ چودھری شجاعت حسین کے اسپتال منتقل ہونے کی خبروں کے بعد ان کے انتقال کی خبریں بھی گردش کرنا شروع ہو گئی تھیں جس پر مونس الہی نے چودھری شجاعت حسین کے انتقال کی خبروں کی تردید کی اور ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ۔ مونس الہیٰ نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین بالکل ٹھیک ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔