پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں‘یاسمین راشد

تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اورآنے والے مریضوں کودی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجارہاہے‘وزیر صحت

جمعرات ستمبر 18:10

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی سیکرٹری صحت مومن آغا، سپیشل سیکرٹری نادرچوہدری، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی ودیگرافسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرصحت نے اجلاس میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں صحت کے شعبہ میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔

چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق نے وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکومختلف ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت بارے بریفنگ دی۔وزیرصحت نے فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسزجوبلی ٹاون، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو، نشترمیڈیکل کالج میں لیکچرتھیٹرز، بہاولنگرمیں میڈیکل کالج کاقیام، بہاول پورقائداعظم میڈیکل کالج میں سیوریج اورواٹرسپلائی، پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم، ہیلتھ رپورٹنگ سسٹم، ڈی ایچ کیوسیالکوٹ کی ٹیچنگ ہسپتال میں منتقلی ودیگرترقیاتی منصوبہ جات کی پیش رفت بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں کومقررہ وقت کے اندرمکمل کیاجائے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ کرپٹ( ن) لیگ نے صحت کے شعبہ میں کئی ترقیاتی منصوبے ادھورے چھوڑکرصرف اپنی تختیاں لگائیں۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اورآنے والے مریضوں کودی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجارہاہے۔

صوبائی وزیر صحت نے اجلاس میں انسدادڈینگی مہم کی سرگرمیوں کابھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاشکارمریضوں کاخاص خیال رکھاجارہاہے۔ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف تحقیقات کاآغازکیاجاچکاہے۔راولپنڈی میں انسدادڈینگی مہم تیزکرنے کے نتیجے میں مریضوں کی تعدادمیں کمی واقع ہورہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزید کہاکہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں کواپنے گھر، دفاتراورورک پلیسزکوصاف ستھرارکھ کراہم کرداراداکرناچاہئیے۔ پنجاب کے ہر سرکاری ہسپتال میں ادویات وافرمقدارمیں موجودہیں۔ ڈینگی بیماری پرقابوپانے کیلئے جنگی بنیادوں پرایس اوپیزپرعملدرآمدکروایاجارہاہے۔