صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا تیسرا اجلاس

فنی تعلیمی بورڈ اپنے معاملات درست کرلے، شفافیت کے علاوہ کچھ نہیں چلے گا، صوبائی وزیراطلاعات

جمعرات 12 ستمبر 2019 19:19

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ..
لاہور۔12 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا تیسرا اجلاس بورڈ کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں فنی تعلیمی بورڈ کے مختلف امور اوربورڈ میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فنی تعلیمی بورڈ اپنے معاملات درست کرلے، شفافیت کے علاوہ کچھ نہیں چلے گا۔

ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی بجائے ہر ایک اپنا فرض ادا کرے۔صوبائی وزیر نے بورڈ کا دس سال کا سپیشل آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ کی فنانس کمیٹی سرمایہ کاری کے امور کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے۔انہوں نے کہاکہ بورڈ کی خودمختاری کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ معاملات قانون کے مطابق نہ چلائے جائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ ٹیکنیکل کالجوں میں طالب علموں کے استحصال کو روکنے کیلئے میکانیزم بنایاجائے۔

بورڈ کی فیس جمع نہ کرانے والے ٹیکنیکل کالجوں کی سزا بچوں کا رزلٹ روک کر نہ دی جائے۔واجبات ادا نہ کرنے والے کالجوں کے طالب علموں کے نتائج کا فوری اعلان کیاجائے۔اگر کوئی ٹیکنیکل کالج بورڈ کے واجبات ادا نہیں کرتا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ بورڈ میں معاملات براہ راست لانے کی بجائے متعلقہ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں پیش کئے جائیں۔صوبائی وزیر نے بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات کی فیسوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں طالب علموں کیلئے مسائل پیدا کرنے کی بجائے انہیں سہولتیں دیناہیں۔اجلاس میں چیئرمین فنی تعلیمی بورڈ محمد نذیر خان نیازی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :