Live Updates

سابق حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسایا، قومی معیشت کا بیڑا غرق کیا‘بلاول نے مولانا فضل الرحمن سے کنارہ کشی کرکے بہتر فیصلہ کیا،

مولانا کا ایجنڈا دوسروں کے کاندھے پر بندوق رکھ کے چلانا ہے‘ اکتوبر ابھی بہت دور ہے ، اپوزیشن مزید انتشار کا شکار ہوگی، نواز لیگ بھی ’’دیکھو اور انتظار کرو ‘‘کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 ستمبر 2019 19:19

سابق حکمرانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسایا، ..
لاہور۔12 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ اپوزیشن احتجاج کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ عوام اپوزیشن کے احتجاج سے لاتعلق ہے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ انہی لوگوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسایا اور قومی معیشت کا بیڑہ غرق کیا۔ملک پر باری باری حکومتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں نے ہی ایک دوسرے پر کرپشن کے کیسز بنائے ہیں۔

جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ہر چیز واضح ہے۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار فیملی پارک سمن آباد میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی ، ڈی جی پی ایچ اے اور علاقے کے لوگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے لاہور شہر سے درخت کاٹ کر یہاں کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کردیئے۔

چاہیے تو یہ تھا کہ انہوں نے جو درخت کاٹے ان کی جگہ نئے درخت لگاتے لیکن ایسا نہیں کیاگیا۔ہماری حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران لاہور میں اب تک ایک لاکھ 25ہزار پودے لگائے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر شروع کی گئی شجرکاری مہم میں انتظامیہ ، عوامی نمائندے اور معاشرے کے تمام طبقات بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے شجرکاری مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ اضلاع کے درمیان شجرکاری کے حوالے سے مقابلے بھی کرائے جائیں گے اور اچھی کارکردگی دکھانے والے اضلاع کو انعامات بھی ملیں گے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ بلاول نے مولانا فضل الرحمن سے کنارہ کشی کرکے بہتر فیصلہ کیاہے۔مولانا کا ایجنڈا دوسروں کے کاندھے پر بندوق رکھ کے چلانا ہے۔انہوں نے کہاکہ اکتوبر ابھی بہت دور ہے ، اپوزیشن مزید انتشار کا شکار ہوگی۔

نواز لیگ بھی ’’دیکھو اور انتظار کرو ‘‘کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔شریف فیملی احتجاج کی بجائے اپنے بچائو میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں عوام تو کیا خود ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں۔ مخالفین کا حکومت کے خلاف اتحاد صرف اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ہے۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر نوازلیگ کا یکطرفہ پراپیگنڈا مضحکہ خیز ہے۔ میاں صاحب کی خود کو مظلوم ثابت کرنے کی مہم ناکام ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہاکہ عمران خان نے کرپٹ عناصر کو بے نقاب کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ان کرپٹ عناصر کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات