بالاکوٹ میں چوری کی مختلف وارداتوں میں چور قیمتی سامان سمیت نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے

جمعرات 12 ستمبر 2019 20:19

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) بالاکوٹ پولیس سٹیشن کے قریب چوری کی تین وارداتوں میں چور قیمتی سامان سمیت نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے، چوری کی اس علاقہ میں اب تک چار وارداتیں ہو چکی ہیں، تین روز قبل بھی چور دیوار کاٹ کر سٹور سے ہزاروں روپے کا قیمتی سامان چرا کر لے گئے تھے، چوری کی وارداتوں سے تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ بالاکوٹ سے چند فرلانگ کے فاصلہ پر واقع مارکیٹ میں چوروں نے تین دنوں کے دوران چار دکانیں لوٹ لی ہیں۔ پریس کلب بالاکوٹ سے ملحقہ دکان سے تقریباً 65 ہزار کی نقدی اور سامان لے گئے جبکہ دوسرے دن خورشید زمان نیوز ایجنسی سے ملحقہ جنرل سٹور سے سگریٹ، نقدی و دیگر سامان لے اڑے ہیں، چوروں کی جانب سے آئے روز دکانیں توڑنے کے واقعات نے تاجروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ تاجروں نے ڈی پی او مانسہرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر بالاکوٹ پولیس کی ناقص کارکردگی کے خلاف تاجروں نے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔