کوئٹہ سبی قومی شاہراہ نوتال کے مقام پر مسافر کوچ اور مزدہ ٹرک میں تصادم، مزدہ ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق

جمعرات 12 ستمبر 2019 20:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) سبی نیشنل ہائی وے روڈ نوتال کے مقام پر مسافر کوچ اور مزدہ ٹرک میں تصادم، مزدہ ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 29 مسافر زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو نصیرآباد پولیس نے سول ہسپتال منتقل کردیا، تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو دربار سلطان حق باہو سے زائرین سے بھری مسافر کوچ سبی بلوچستان کے علاقے حاجی شہر جاری تھی کہ پولیس تھانہ شہید عزیز بلو نوتال کے قریب قومی شاہراہ پر مزدا ٹرک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں مزدا ڈرائیور سمیت دو افراد کے جاں بحق ہونے کی متعلقہ پولیس تھانہ کے ایس ایچ او نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کی حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 29 افراد زخمی ہوئے جن میں 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے، واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ظفر علی محمد شہی، ایس ایس پی نصیرآباد عرفان بشیر، اے ایس پی فہد خان کھوسہ، اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین بھنگر، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ملک عبدالغفار سیلاچی اور سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میر غلام نبی عمرانی موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کروایا جہاں زخمیوں کی عیادت کے بعد شدید زخمیوں کو مزید علاج کی غرض سے جیکب آباد اور لاڑکانہ سندھ سمیت کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔