ایل ڈی اے سٹی کرپشن سکینڈل‘ احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

جمعرات 12 ستمبر 2019 21:29

ایل ڈی اے سٹی کرپشن سکینڈل‘ احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع
لاہور۔12 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی کرپشن سکینڈل کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزہ توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 26 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی‘عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر نیب تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز عدالتی سماعت کے موقع پر احد خان چیمہ کو کیمپ جیل سے احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ دیگر شریک ملزم آصف ملک اور عبدارشید کو بطور ریفرنس احتساب عدالت میں طلب کر رکھا تھا۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق الفاء ا سٹیٹ کے مالک گرفتار ملزم آصف ملک اور عبدالرشید نے احد چیمہ وغیرہ کی ملی بھگت سے اربوں روپے کی خوردبرد کی، ملزمان ایل ڈی اے سٹی میں ڈویلپمنٹ پارٹنر تھے لیکن غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے کے پلاٹ فروخت کیے ‘ابتدائی اندازے کے مطابق اربوں روپے کی فائلیں فروخت کی گئیں۔