پاکستان کا خزانہ راتوں رات ڈالرز سے بھر دیا گیا

ایک روز کے دوران 14 جبکہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 18 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ، مرکزی بینک کے ذخائر 8 ارب 46 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئے، کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 75 کروڑ ڈالرز کی سطح تک جا پہنچے

muhammad ali محمد علی جمعرات 12 ستمبر 2019 19:52

پاکستان کا خزانہ راتوں رات ڈالرز سے بھر دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر 2019ء) پاکستان کا خزانہ راتوں رات ڈالرز سے بھر دیا گیا، ایک روز کے دوران 14 جبکہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 18 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ، مرکزی بینک کے ذخائر 8 ارب 46 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئے، کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 75 کروڑ ڈالرز کی سطح تک جا پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بدتریج اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں ایک ہی روز کے دوران 14 کروڑ ڈالرز کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جبکہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 18 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت مرکزی بینک کے ذخائر 8 ارب 46 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں چند کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی ہے۔ اس وقت پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 57 کروڑ ڈالرز سے بڑھ کر 15 ارب 75 کروڑ ڈالرز کی سطح تک جا پہنچے ہیں۔ پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر میں بدتریج اضافے کے باعث ہی روپیہ بھی مستحکم ہو رہا ہے اور ڈالر کی قدر میں کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران روپے کی قدر میں اضافہ جبکہ ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ 2 ماہ کے دوران ڈالر روپیہ کے مقابلے میں 7 روپے تک سستا ہوا ہے۔ پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 163 روپے سے کم ہو کر 156 روپے سے کچھ زائد کی سطح پر ہے۔ تاہم جمعرات کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کچھ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں کاروباری روز کے اختتام پر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کا اضافہ ہوا۔

یوں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 156 روپے 60 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ تاہم حیران کن طور پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا اثر انٹربینک مارکیٹ پر نہیں پڑا۔ عمومی طور پر اگر اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہو تو انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر سستا ہو جاتا ہے۔ جبکہ اگر اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہو تو انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم جمعرات کے روز معاملہ کچھ الٹ رہا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے مہنگا ہوا تو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں مزید 12 پیسے کی کمی ہوگئی۔ کاروباری روز کے اختتام پر ، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 12 پیسے سستا ہو کر 156 روپے 18 پیسے کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی۔