آئی جی پنجاب کی ہدایت پر بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے اور لیجانے والی غیر معیاری گاڑیوں کے خلاف سپیشل مہم کا آغاز

صوبے بھر میں محکمہ ٹرانسپوٹ ،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر ٹرانسپورٹ ایگزامینرکے ساتھ جوائنٹ ٹیمز تشکیل دے دی گئیں

جمعرات 12 ستمبر 2019 22:48

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے اور لیجانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایات پر صوبہ بھر میں سکولوں کے معصوم بچوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب محمد فاروق مظہر کی زیر نگرانی غیر منظورشدہ ،غیر قانونی اورغیر معیاری موٹرسائیکل رکشہ ،آٹو رکشہ ،سکول وین سمیت سکول کے بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے اور لیجانے پر مامور دیگر گاڑیوں کے خلاف دوہفتوں کی سپیشل مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

12 ستمبر سے شروع ہونے والی یہ مہم 26 ستمبر تک جاری رہے گی ۔ اس مہم کو موئژ بنانے اور اسے ہر صورت کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے صوبے بھر میں محکمہ ٹرانسپوٹ ،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر ٹرانسپورٹ ایگزامینرکے ساتھ جوائنٹ ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں جو پنجاب کے تمام اضلاع میں ایسی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کریں گی اور غیر منظورشدہ ،غیر قانونی اورغیر معیاری گاڑیوں اور انکے مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کروائیں گی جبکہ مہم کے دوران سکولوںکی انتظامیہ اور لوکل گورنمنٹ کے عملہ کو بھی ٹریفک قوانین کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ، غیر معیاری گاڑیوں کے استعمال سے ہونے والے حادثات کے بارے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

مہم کے حوالے سے ٹریفک پولیس کے افسران کو ہدایات گئی ہیں کہ اس مہم کے دوران پولیس افسران و اہلکار خاص طور پر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں، انکے والدین ،سکول اساتذہ اور موٹرسائیکل رکشہ و سکول وینز کے ڈرائیورزکو بھی ضروری تربیت و آگاہی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ سکول جانے والے بچوں سمیت دیگر شہریوں کو بھی حادثات سے محفوظ رکھا جائے جبکہ غیر ذمہ دار ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کہ صرف لائسنس شدہ تربیت یافتہ ڈرائیورز اور معیاری گاڑیاں ہی بچوں کو تعلیمی اداروں سے لانے اور لیجانے کے لئے استعمال کی جائیں ۔