اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی

وفاقی وزیر کیخلاف نا اہلی کیس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور وزارت قانون سمیت فریقین کو نوٹس جاری، جواب طلب

جمعرات 12 ستمبر 2019 20:37

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی، وفاقی وزیر کیخلاف نا اہلی کیس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور وزارت قانون سمیت فریقین کو نوٹس جاری، جواب طلب۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف نا اہلی کیس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور وزارت قانون سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔

جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فواد چوہدری کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیوں عدالت کو سیاسی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیی مطمئن کریں۔ وکیل نے کہاکہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے اثاثے چھپائے، جہلم کی زمین کو الیکشن کمیشن گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ سیاسی معاملات سیاسی فورمز پر حل ہونے چاہئیں ۔

چیف جسٹس نے کہاکہ میری عدالت نے ہمیشہ سیاسی کیس میں مداخلت کو حوصلہ شکنی کی۔وکیل نے کہاکہ فواد چوہدری صادق اور امین نہیں رہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کون سا انسان صادق اور امین ہو گا۔ وکیل نے کہاکہ نواز شریف، جہانگیر ترین کیس موجود ہیں جن میں نااہلی ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے خواجہ آصف کو نااہل کیا ،سپریم کورٹ نے بحال کردیا، مثال ہمارے سامنے ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عدلیہ کو بطور ادارہ سیاسی معاملات میں پڑنا ٹھیک نہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ فریقین دو ہفتوں میں جواب جمع کرائیں۔یاد رہے کہ سمیع اللہ ابراہیم نے فواد کے خلاف نااہلی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور وزارت قانون کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔