Live Updates

وزیراعظم آرٹیکل 149 کے نفاذ کا اعلان کرنے کے لیے کراچی آرہے ہیں تو اپنے رسک پر آئیں،محمد زبیر

چندہ لے کر کراچی کو صاف کرنا بری طرح ناکام ہواہے،علی زیدی کی کمیٹی کی وجہ سے مزیدمسائل پیدا ہوگئے ہیں،سابق گورنر سندھ کی پریس کانفرنس

جمعرات 12 ستمبر 2019 23:17

وزیراعظم آرٹیکل 149 کے نفاذ کا اعلان کرنے کے لیے کراچی آرہے ہیں تو اپنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم آرٹیکل 149 کے نفاذ کا اعلان کرنے کے لیے کراچی آرہے ہیں تو اپنے رسک پر آئیں ۔سندھ کا ایک شخص بھی آرٹیکل 149 کو قبول نہیں کرے گا۔ چندہ لے کر کراچی کو صاف کرنا بری طرح ناکام ہواہے،علی زیدی کی کمیٹی کی وجہ سے مزیدمسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔

ایم کیو ایم پاکستان کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ کہتے تھے کہ ان کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے ۔وہ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ نہال ہاشمی، ناصر الدین محمود، خرم بھٹی، احسن زبیر ودیگر بھی موجودتھے ۔انہوںنے کہاکہ آج کی پریس کانفرنس صرف کرا چی کے حوالے سے ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ پریس کانفرنس میں شاہد خاقان عباسی آئے تھے ۔

ان کے ایک طرف میں تھا اور ایک طرف مفتاح اسماعیل تھے ۔ الحمد اللہ ابھی میں بچ گیا ہوں ۔انہوںنے کہا کہ پورے شہر میں کچرے پر سیاست ہورہی ہے ۔ ڈھائی کروڑ کی آبادی والے شہر کی بچکانہ طریقے سے صفائی کی جارہی ہے ۔ایک علاقے سے کچرا اٹھا کر دوسرے علاقے میں کچرا ڈمپ کیا جارہا ہے ۔ بلدیہ اور سرجانی میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ،ایک ہفتے سے کراچی کا مسلہ چل رہا ہے لیکن حل سامنے نہیں آرہا ہے ۔

نون لیگ کی حکومت سے قبل کراچی دنیا کا خطرناک ترین شہر تھا۔ہم نے آرٹیکل 149 لگائے بغیر شہر کو پرامن بنایا ۔یہ کچرا اٹھانے کے لئے 149 لگانے کی بات کررہے ہیں۔خیبرپختونخوامیں ان سے بی آر ٹی منصوبہ نہیں بنتا یہ کراچی کے لئے کیا کرینگے۔یہ پیسے ریلیز نہیں کررہے مئیر نے بھی یہی کہا ہے ۔نون لیگ کی حکومت نے کراچی میں تین بڑے منصوبے شروع کئے ۔

لیاری ایکسپریس وے ،گرین لائن بس منصوبہ اور ایل این جی ٹرمینل جیسے منصوبے بنائے ۔وزیراعظم 162 ارب روپے کے وعدے کو پورا کریں۔محمد زبیر نے کہا کہ فروغ نسیم نے آرٹیکل 149نافذکرنیکی حیران کن بات کی ہے۔ سندھ کو تقسیم کرنے کی بات خطرناک ہے ۔کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔آئین کے آرٹیکل 149 کے نفاز کو مسترد کرتے ہیں۔

اگرکراچی میںآرٹیکل 149 لگادیا گیا تو وفاق کا ڈھانچہ کمزور ہوگا۔ پی ٹی آئی تقسیم کے علاوہ کیاچاہتی ہی یہ خطرناک کھیل ہے،پہلی مرتبہ کسی وفاقی حکومت نے آرٹیکل 149کی بات کی ہے، کراچی سے منتخب پی ٹی آئی کے ایم این ایز کہاں ہیں ۔پیپلزپارٹی کو تحریک انصاف خود موقع دے رہی ہے ۔فروغ نسیم کو کوئی نہیں نکال سکتا اس کی نوکری پکی ہے
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات