مضرصحت اورغیر معیاری اشیاء فروخت کرنے پر 11 تجارتی مراکزسربمہر

جمعرات 12 ستمبر 2019 23:44

راولپنڈی11ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پرفوڈسیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں مضر صحت اورغیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 تجارتی مراکز سربمہر کر دیئے اور حفظان صحت کے اصو لوں کی خلاف ورزیوں پر135,000کے جرمانے عائد کئے۔

پی ایف اے ترجمان کے مطابق راولپنڈی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ممنوعہ گٹکا، زائد المیعاد اشیاء کی فروخت،غیر معیاری سٹوریج، صفائی کے ناقص انتظامات پر چاچو پان شاپ جبکہ اٹک میں رشید کریانہ سٹور کو سیل کر دیا۔ اسی طرح سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ناقص آئل کے استعمال،حشرات کی بہتات پر دین ہوٹل ،صمد فوڈز،شانگلہ بریڈ اینڈ ریفریشمنٹ،کوئٹہ زلمی ریسٹورنٹ اور سپر پرائم فوڈز اینڈ ریسٹورنٹ اوردیگر تجارتی مراکز کو سر بمہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں راولپنڈی میںچیکنگ کرتے ہوئے مختلف فوڈ پوائنٹس کو غیر معیاری خوراک کی فراہمی، ملازمین کے میڈیکلزکی عدم دستیابی اورصفائی کے ناقص انتظامات پر 125,000کے جرمانے عائد کیے ۔جہلم اور اسکے گردونواح میں پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر10,000 کے جرمانے عائد کیے گئے۔ڈویژن بھرمیں کارر وائیوں کے دوران بھاری مقدار میںناقص آئل ،زائد المیعاد اشیاء اور مضر صحت خوراک تلف کی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران درجنوں فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پرحتمی نوٹسز بھی جاری کیے۔