تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ادائیگی میں آسانی، حکومت نے موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا

موبائل ایپ سے شہری انکم ٹیکس ریٹرن آسانی سے فائل کریں گے۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ ستمبر 11:39

تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ادائیگی میں آسانی، حکومت نے موبائل ایپ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2019ء) : تنخواہ دار شہریوں کے لیے ٹیکس ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے حکومت نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تنخواہ دار شہریوں کو ٹیکس ادائیگی میں آسانی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) شبر زیدی نے کہا کہ موبائل ایپ سے شہری انکم ٹیکس ریٹرن آسانی سے فائل کریں گے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ تنخوا دار شہری اسمارٹ فون کے ذریعے ٹیکس ادا کر سکیں گے، یہ موبائل ایپ ٹیکس نظام کو مکمل ڈیجیٹل کرنے میں اہم سنگ میل ہے۔ گذشتہ ہفتے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا تھا کہ حکومتی اقدامات سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا، ٹیکس دہندگان کی تعداد 27 فی صد بڑھ گئی، ٹیکس وصولیاں مقررہ اہداف کے مقابلے میں 90 فی صد تک ہوئیں، جب کہ ریونیو کلیکشن میں 25 فی صد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عوام کی سہولت کے لیے موبائل ایپلی کیشنز بنانے اور موبائل فون کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کی 90 فیصد اکانومی کیش پیمنٹ پر محیط ہے۔ جب ہر کوئی موبائل پیمنٹ کرے گا تو معیشت خود بخود ڈاکومنٹ ہوجائے گی۔موبائل پیمنٹ سسٹم کے تحت کسی قسم کی خریداری پر ادائیگی نقد، چیک یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست موبائل فون اپلیکیشن کے ذریعے ہوگی۔

موبائل پیمنٹ کے سسٹم کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے تیارکیا ۔فواد چوہدری نے کہا کہ موبائل پیمنٹ کے ذریعے ادائیگیوں کا مکمل نظام تیار ہے۔ ایک آدمی ایک ماہ کے دوران کیا اور کتنا خرچ کر رہا ہے وہ سارا حساب بھی حکومت کے پاس آجائے گا۔