وہاڑی : چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ پولیس تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی عیادت کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئی

میڈم کنیز فاطمہ نے متاثرہ خاتون ظہوراں بی بی سے ملاقات کی اور انکی حالت کے بارے میں دریافت کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 13 ستمبر 2019 16:11

وہاڑی : چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ پولیس تشدد کا نشانہ ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ ) تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ پولیس تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی عیادت کیلیے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئی، میڈم کنیز فاطمہ نے متاثرہ خاتون ظہوراں بی بی سے ملاقات کی اور انکی حالت کے بارے میں دریافت کیا۔

چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ نے متاثرہ خاتون کو پنجاب حکومت کی طرف سے مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔ میڈم کنیز فاطمہ نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اور انچارج وارڈ سے بھی خاتون کی حالت کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی لاہور کنیز فاطمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ خاتون کا تمام تر علاج معالجہ سرکاری خرچ پر کیا جائے گا اور مکمل قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سزاملے گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے سپیشل متاثرہ خاتون سے مل کر حقائق جاننے کیلئے کہاہے۔ جہاں بھی ہماری ماں، بہن یابیٹی کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوگی ہم وہاں پہنچیں گے کیونکہ ہمارے وومن پروٹیکشن کا مقصد ہی یہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ متاثرہ خاتون کو کارروائی سے روکنے کیلئے دھمکیاں دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن، اور ڈی ایس پی صدر کے علاوہ منیجر کرائسز سنٹر وہاڑی منزہ کوثر، رانی برکت ایڈوکیٹ، انچارج دارالاامان رانا زاہد،راؤ اختر اظہر،ایم ایس ڈاکٹر فاضل، سماجی رہنما میڈم عظمی سلیم، صبوحی حسن،نوشین ملک و دیگر بھی موجود تھی۔