دیپالپور کے نواحی گاوٴں جواہر سنگھ میں گھریلوناچاقی کی بناء پر فائرنگ کر کے دو خواتین کو قتل کر دیا گیا

ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 13 ستمبر 2019 16:21

دیپالپور کے نواحی گاوٴں جواہر سنگھ میں گھریلوناچاقی کی بناء پر فائرنگ ..
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی،ساجد علی) دیپالپور کے نواحی گاوٴں جواہر سنگھ میں گھریلوناچاقی کی بناء پر فائرنگ کر کے دو خواتین کو قتل کر دیا گیا۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزم اکرام کی بہن کی شادی اس کے کزن اختر کے ساتھ ہوئی جبکہ اس کے بدلے (وٹہ سٹہ)میں اختر کی بہن فوزیہ کی شادی اکرام کے ماموں کے بیٹے امجد کے ساتھ ہوئی۔

اختر نے کسی ناراضگی کی وجہ سے اپنی بہن فوزیہ کو اپنے گھر بٹھا لیا۔ اکرام نے ان کے گھر جا کر بات چیت کی کہ امجد اچھا لڑکا ہے اس کی بیوی فوزیہ کو بھیج دیں تاکہ ا س کے ماموں کاگھر آبا درہے اورانکار پر اپنی بہن کو مجبور کرنے لگا کہ تم بھی میر ے ساتھ گھر چلو تاکہ وٹہ سٹہ پورا ہو جائے مگر ملزم کی بہن نے کہا کہ میرے تین بچے ہیں میں اپنا گھر چھو ڑکر نہیں جاوٴ ں گی۔

(جاری ہے)

انکار پر ملزم طیش میں آگیا اور اپنی بہن بشریٰ زوجہ اختر علی اور اختر علی کی بہن فوزیہ زوجہ امجد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔مقامی پولیس نے فوری موقع پر پہنچ کر ضروری شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دیپالپور منتقل کر دیا۔ڈی پی او اوکاڑہ جہانزیب نذیر خان نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او دیپالپور انعام الحق کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی جو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم اکرام کو جلداز جلد قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔