پی سی بی نے سیزن 20-2019کے لیے ویمن کرکٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا

سیزن کا آغاز آئندہ ہفتے سے قومی ٹرائینگولر ایک روزہ خواتین کرکٹ چیمپئن شپ سے ہوگا، سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ میں 6 خواتین امپائرز بطور میچ آفیشلز ذمہ داریاں نبھائیں گی

جمعہ 13 ستمبر 2019 18:51

پی سی بی نے سیزن 20-2019کے لیے ویمن کرکٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ ملک بھر میں خواتین کرکٹ کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر عمل پیر اہے۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے سیزن 20-2019 کے لیے ویمن کرکٹ کے قومی اور بین الاقوامی شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ سیزن کا آغاز قومی ٹرائینگولر ایک روزہ خواتین کرکٹ چیمپئن شپ سے ہوگا۔

ایک روزہ ٹورنامنٹ 17 سے 26 ستمبر تک لاہور جمخانہ کلب گراوٴنڈ میں جاری رہے گا۔

ایونٹ میں شریک پی سی بی ڈائنامائٹس کی ٹیم ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔پی سی بی ڈائنامائٹس ٹیم کی قیادت ندا ڈار کریں گی۔

ٹورنامنٹ میں ساڑھے 8 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ جبکہ رنرز اپ کو ڈھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

(جاری ہے)



تاریخ میں پہلی بارایونٹ میں شریک ہر کرکٹر کو 10 ہزار روپے بطور میچ فیس دیئے جائیں گے۔

ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں کوکابورا کے گیند کا استعمال کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، ایونٹ میں6 خواتین امپائرز بطور میچ آفیشلز ذمہ داریاں نبھائیں گی۔ جن میں عافیہ امین، حمیرافرح،شکیلہ رفیق، ناذیہ نذیر، رفعت مصطفیٰ اور صباحت رشید شامل ہیں۔ ایونٹ سے قومی خواتین میں کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

عروج ممتاز کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی قومی ٹرائینگولر ایک روزہ خواتین کرکٹ چیمپئن شپ سمیت قومی خواتین کرکٹرز کی گذشتہ انٹرنیشنل سیریز میں کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

سلیکشن کمیٹی کو بنگلہ دیش کے خلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور اے سی سی ایمرجنگ کپ کے لیے قومی اے خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔دونوں ایونٹس کاآغازآئند ہ ماہ ہورہا ہے۔
    
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ میں بھارت اور انگلینڈ کے خلاف سیریزمیں شرکت کرنی ہے۔پانچویں پوزیشن پر براجمان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈکپ 2021 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔

اگر پاکستان پانچویں پوزیشن برقرار نہ رکھ سکا تو میزبان نیوزی لینڈ ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔

آئندہ سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں شرکت کرنے کے لیے آسٹریلیا روانہ ہونا ہے۔ ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ ایونٹ کے آغاز سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

سیریز آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔

قومی ٹرائینگولر ٹی ٹونٹی خواتین کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد آئندہ سال جنوری میں کیا جائے گا۔ پاکستان گرین اور پاکستان یلو خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال اپریل میں کھیلی جائے گی۔ سیریز میں قومی خواتین کرکٹ کی 30 بہترین کھلاڑی شرکت کریں گی۔



عروج ممتاز، چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ:

قومی خواتین کرکٹ کی چیف سلیکٹر اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی رکن عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ کے آئندہ سیزن کے لیے ایک جامع شیڈول ترتیب دیا گیا ہے۔ سیزن میں شامل ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ سے معیاری کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کا عزم کررکھا ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کے درمیان فرق کم کیا جاسکے۔



عروج ممتاز کو یقین ہے کہ سیزن 20-2019 قومی خواتین کرکٹرز کا پول بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں قومی خواتین کرکٹرز کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کررہے ہیں۔

اسکواڈ:

بلاسٹرز:
رامین شمیم (کپتان)، عالیہ ریاض، الماس اکرم، اریب شمیم، عائشہ ظفر، حفصہ خالد، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل،نورین یعقوب، سدرہ امین، طوبہٰ حسن اور وحیدہ اختر

چیلنجرز:
بسمعہ معروف (کپتان)، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، حفصہ امجد، حرینہ سجاد، ارم جاوید، جویریہ روٴف، خدیجہ چشتی، ماہم منظور، نتالیہ پرویز، صبا ء نذیر، سعدیہ اقبال اور سدرہ نواز

ڈائنامائٹس:
 
ندا ڈار(کپتان) ، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ناز، ناہیدہ خان، فریحہ محمود، غلام فاطمہ، جویریہ خان، کائنات امتیاز، ماہم طارق، منیبہ علی، ثناء میر، سوہا فاطمہ اور ثوبانہ طارق