احتساب عدالت نے آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت کی فراہمی طبی ماہرین کی رائے سے مشروط کر دی

جمعہ 13 ستمبر 2019 22:03

احتساب عدالت نے آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت کی فراہمی طبی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت کی فراہمی طبی ماہرین کی رائے سے مشروط کر دی ہے۔ احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میڈیکل آفیسر اے سی تجویز کریں تو سابق صدر کو اے سی کی اجازت دی جائے ۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زاردری کے وکیل نے دلائل دیئے کہ آصف زرداری دل کے مریض ہیں، انہیں سات سٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں، عدالتی حکم کے باوجود آصف علی زرداری کو اے سی کی سہولت نہیں دی گئی۔اس موقع پر نمائندہ جیل عدیل نے دلائل دیے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو میڈیکل گراؤنڈز پر اے سی کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس پر جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ اسے چھوڑ دیں، ہر کیس ایک نوعیت کا نہیں ہوتاقانون جب اجازت دیتا ہے تو اے سی کیوں نہیں دے رہے قانون کوئی ڈیکوریشن پیس نہیں کہ سجا کے رکھ دیا جائے روایات پر نہیں بلکہ قانون پر عمل کریں ۔

عدالت نے نمائندہ جیل سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹر کلاس کے ملزم کو اے سی کی سہولت دی جاتی ہے تو کیوں نہیں دے رہے ۔جج محمد بشیر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد میں سناتے ہوئے سابق صدر کو اے سی کے لئے میڈیکل آفسر سے رابطے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ اگر میڈیکل آفسیر اے سی تجویر کریں تو آصف علی زرداری کو جیل میں اس سہولت کی اجازت دے دی جائے۔