Live Updates

بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے. وزیراعظم آزاد کشمیر

پاکستان کا وزیراعظم آزاد کشمیر میں کھلے آسمان تلے خطاب کررہا ہے‘کیا مودی سرینگرمیں جلسہ کرسکتا ہے؟ شاہ محمود قریشی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 13 ستمبر 2019 22:18

بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے. وزیراعظم ..
مظفر آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر۔2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ 40 روز سے بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے اور ہمیں اپنے پیاروں کی کوئی خبر نہیں ہے کہ وہ کس طرح زندگی گزار رہے ہیں مظفرآباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی، ماہ محرم بھی ہمیں ظلم کے آگے سر نہ جھکانے کا سبق دیتا ہے بھارت کل آپ کو دو طرفہ مذاکرات کی جو پیشکش کرے گا اس کے جال میں نہ پھنسیں کیونکہ دو طرفہ مذاکرات کے باعث کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کو بحال کرنے کا مسئلہ نظرانداز ہوجاتا ہے. جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج عمران خان بیرونی دنیا کو تقابلی جائزہ پیش کرنے کے لیے مظفر آباد آئے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ سکتی ہے کہ آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کھلے آسمان تلے کشمیریوں سے پاکستان کا وزیراعظم مخاطب ہے.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں چیلنج کرکے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مودی کیا تم مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت میں کشمیریوں سے خطاب کرسکتے ہو؟ اگر جرات ہے، ہمت ہے اور سمجھتے ہو کہ کشمیر کے لوگوں کے لیے کوئی کارنامہ کیا ہے تو مودی کرفیو اٹھاواور تماشہ دیکھو. انہوں نے کہا کہ کیا آزاد کشمیر میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے، مودی تم نے کس قانون کے تحت 4 ہزار کشمیریوں کو کیوں قید کیا ہے؟ انہیں آزادی سے اپنا موقف کیوں پیش کرنے نہیں دیا جارہا؟وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا سوال کررہی ہے کہ کیا وجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں ٹی وی دیکھا جارہا ہے، اخبارات چھپ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اخبارات تک رسائی نہیں ہے، آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں سروس کیوں بند ہے.

مظفر آباد میں منعقد جلسے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان‘ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدراور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان موجود تھیں. اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی حمایت اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اداکار اور کھلاڑی بھی جلسے میں شریک تھے جن میں شاہد آفریدی، ہمایوں سعید، جاوید شیخ، فاخر محمود، حریم فاروق، مایا علی اور دیگر شامل ہیں.خیال رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے محاصرے کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروانے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا‘سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا تھا کہ میں جمعہ 13 ستمبر کو مظفر آباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کروں گا.

انہوں نے لکھا تھا کہ جلسے کا مقصد غاصب بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے جاری محاصرے کے بارے میں دنیا کو پیغام بھجوانا ہے اور اہل کشمیر کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑا ہے. خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کے اقدام کے بعد حکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کافی متحرک ہیں اور وہ مختلف مواقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے رہے ہیں اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کا یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا تھا.

بعدازاں وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر آور منانے کا اعلان کیا تھا اور 30 اگست کو ملک بھر میں مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عوام دن 12 سے 12.30 بجے تک باہر نکلے تھے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات