کوہاٹ میں انتظامی عہدیداروں کے چھاپے،متعدددکانداروں کوجرمانے

ہفتہ 14 ستمبر 2019 12:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر۔III مراد احمد ہوتی نے مرغی منڈی ، مین بازاراورمیاں خیل بازارکا اچانک دور ہ کیا اور تجاوزات اور خودساختہ مہنگائی پر15 سے زیادہ دکانداروں کو متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر موقع پر جرمانے کئے۔انہوں نے تجاوزات ختم کروائیں اور دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تجاوزات،ناجائزمنافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے گڑھی مواز خان اورمیاں خیل / میراحمد خیل کے پٹوارخانوں کا بھی اچانک معائنہ کیا اور متعلقہ تمام ریکارڈ چیک کیا۔انہوں نے حلقہ پٹواریوں کو زیرالتوا کام فوری طور پر نمٹانے اور انہیں اس سلسلے میں تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنا ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر۔I کوہاٹ طاہر علی نے بھی جناح پلازہ ،کالج ٹاون اوربنوں روڈ پرکئی جنرل سٹورز ،ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس، ڈیری شاپس اوربیکریز کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر کئی دوکانداروں پربھاری جرمانے عائد کئے ۔