شارجہ: تیز رفتار کار کی زد میں آکر کم سن لڑکا شدید زخمی ہو گیا

بے رحم ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 ستمبر 2019 12:25

شارجہ: تیز رفتار کار کی زد میں آکر کم سن لڑکا شدید زخمی ہو گیا
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14ستمبر 2019ء) شارجہ میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ شارجہ کے علاقے النہدہ میں پیش آیا۔ جب ایک تیز رفتار کار نے سڑک پار کر رہے ایشیائی لڑکے کو کچل ڈالا۔موقع پر موجود افراد نے شارجہ پولیس کے سنٹرل آپریشنز روم کو اس حادثے کی اطلاع دی تو تھوڑی دیر بعد ہی ایمبولینسز، ریسکیو اور طبی امداد کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔

نوجوان کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر اسے القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان کی حالت تشویش ناک ہے، اس کی جان بچانے کی سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں، اس حادثے کے نتیجے میں نوجوان کا بایاں کندھا بُری طرح سے ٹوٹ پھُوٹ گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے بعد پتا لگا کہ یہ حادثہ کار کے ڈرائیور کی غیر ذمہ داری کے باعث پیش آیا جو گاڑی تیز رفتار سے چلا رہا تھا، اس وجہ سے نوجوان کے سڑک پر آنے کے باعث ایک دم سے اپنی رفتار نہ گھٹا سکا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق ڈرائیور نے حادثے کے بعد بے حد بے حِسی کا مظاہرہ کیا، اور رُکنے کی بجائے موقع سے فرار ہو گیا۔ حالانکہ اماراتی ٹریفک قوانین کے مطابق کسی بھی ٹریفک حادثے کی صورت میں اس میں ملوث افراد کو موقع پر ہی رُکنا ہوتا ہے، ورنہ انہیں سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے میں ملوث گاڑی کا پتا چلانے کے لیے تفتیش جاری ہے، اس سلسلے میں اس روڈ پر نصب مختلف کیمروں کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ چیک کی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ اس واقعے کے ذمے دار ڈرائیور کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔