انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ کالاہور چیمبر کے انتخابات میں پیاف فائونڈر ز کی حمایت کا اعلان

پیاف کے امیدواروں کے حق میں مختلف مارکیٹوں میں انتخابی مہم بھی چلائی جائے گی ‘ مرکزی صدر حکومتی پالیسیوں کیوجہ سے سے کاروبار سکڑ رہا ہے ،بیروزگاری کا سونامی آئے گا‘ اشرف بھٹی

ہفتہ 14 ستمبر 2019 13:16

انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ کالاہور چیمبر کے انتخابات میں پیاف فائونڈر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران ( اشرف بھٹی گروپ )نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات میں پیاف فائونڈر زالائنس کی بھرپور حمایت اورمختلف مارکیٹوں میں انتخابی مہم چلانے کا اعلان کر دیا ۔ مرکزی صدر اشرف بھٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ، لاہو ر کے صدر میاں طارق فیروز ، جنرل سیکرٹری طاہر نوید ، فنانس سیکرٹری نعیم بادشاہ سمیت دیگر عہدیداروں اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اشرف بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیاف فائونڈرز الائنس کے قائدین تاجروں کے مسائل حل کرانے کی اہلیت رکھتے ہیں اور ہردور میں اس کیلئے عملی کاوشیں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

انشا اللہ لاہور چیمبر کے سالانہ انتخابات میں پیاف فائونڈرز کے حمایت یافتہ امیدوار بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام مارکیٹوں اوربازاروں میں پیاف فائونڈرز کے امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی جائے گی اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کوجلد باضابطہ ذمہ داریاں سونپی جائیں گی ۔

علاوہ ازیں اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے سے کاروبار سکڑ رہا ہے جس کی وجہ سے بیروزگاری کا سونامی آئے گا ۔ حکومت کی اقتصادی ٹیم موجودہ نازک حالات کو نظر انداز کرنے کی بجائے مسائل کو حل کرے تاکہ معیشت کا پہیہ جام ہونے کی بجائے چلتا رہے ۔ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں سے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی بجائے اسے طوالت دینا خود حکومت کیلئے نقصان کا باعث بن رہا ہے ۔