مسافر بسوں میں بھارتی فلمیں دکھانے پر پابندی عائد

اقدام پاک بھارت کی کشیدہ صورتحال اور عوام کی جانب سے شکایات پر اُٹھایا گیا،خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔ ترجمان موٹروے پولیس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 14 ستمبر 2019 12:58

مسافر بسوں میں بھارتی فلمیں دکھانے پر پابندی عائد
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2019ء) موٹروے پولیس نے مسافر بسوں میں بھارتی فلمیں چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عوام کی بڑی تعداد بھارتی فلمیں دیکھنے کوترجیح دیتی ہے اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری اس قدر زبوں حالی کاشکار ہے کہ یہاں اچھے موضوع پر معیاری فلمیں بنتی ہی نہیں ہیں۔لہٰذا عوام کے پاس آخری آپشن انڈین فلمیں دیکھنا ہی بنتا تھا۔

تاہم ان دنوں ایک تو پاکستانی فلمیں بہت اچھی بننے لگی ہیں اور ہر آنے والی فلم ایک سے بڑھ کر ایک ہوتی ہے اور دوسری طرف کشمیر کے ایشو کی وجہ سے بھی بھارتی فلمیں دکھنا اخلاقایات کے منافی ہے۔ اس لیے پاکستان میں نہ صرف عید کے موقعہ پر بلکہ ویسے بھی انڈین فلمیں دیکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسافر بسوں میں انڈین فلموں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بھارتی فلوں ، نفرت انگیز ، مذہبی انتشار یا غیر اخلاقی مواد پر پابندی لگائی گئی ہے۔جب کہ یہ اقدام پاک بھارت کی کشیدہ صورتحال اور عوام کی جانب سے شکایات پر اُٹھایا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ پابندی سے متعلق تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔اور خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔

خیال رہے اس سے قبل محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر میں چلنے والی انٹر سٹی اے سی اور نان اے سی بسوں میں انڈین فلمیں دکھانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی،بتایا گیا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر میں چلنے والی انٹر سٹی اے سی اور نان اے سی بسوں میں انڈین فلمیں دکھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ،آئندہ بسوں میں صرف پاکستانی ڈرامے ،فلمیں اور بچوں کے کارٹون دکھائے جائیں گے۔

جبکہ مسافروں کو بنیادی سہولتیں فراہم نہ کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو سیل کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔بتایا گیا کہ اڈوں پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ سکرٹری ٹروانسپوٹ خود لیں گے۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنی کو نہ صرف بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے بلکہ انکا روٹ اور سٹینڈرڈ بھی کینسل کئے جا سکتے ہیں۔