مغربی سرحد پردہشت گردوں کی فائرنگ، 2 واقعات میں چار جوان شہید ہو گئے

پاک فوج کی جوابی کاروائی سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 14 ستمبر 2019 15:41

مغربی سرحد پردہشت گردوں کی فائرنگ، 2 واقعات میں چار جوان شہید ہو گئے
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 ستمبر 2019ء) دیر میں پاک افغان بارڈر پر افغانستان سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مغربی سرحد پر باڑ لگانے والے فوجی جوانوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں مغربی بارڈر کے قریب 2 مختلف واقعات میں 4 فوجی شہید ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے ابا خیل اور اسپین وام کے قریب سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ ۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ حملے میں بلتستان سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہوئے۔دوسرا واقعہ پاک افغان سرحد پر پیش آیا جس کے نتیجے میں تین سپاہی شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان سرحدی باڑ لگانے میں مصروف تھے جب ان پر فائرنگ کی گئی؛ جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی جوان بھی زخمی ہو گیا۔ شہدا میں سپاہی کاشف علی بھی شامل ہیں جن کی عمر 22 سال تھی۔فائرنگ میں لانس نائیک امین آفریدی بھی جامِ شہادت نوش کر گئے جن کی عمر 28 سال تھی۔اور ان کا تعلق ضلع خیبر سے تھا۔جب کہ شہید ہونے والے 31 سالہ شہید لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔