چوہے زندہ دل ہوتے ہیں، چھپن چھپائی ان کا پسندیدہ کھیل ہے، تحقیق

ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:14

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) سائنس دانوں نے چوہوں کو نہایت زندہ دل جانور قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق چوہے انسانوں کے ساتھ بھی کھیلنا پسند کرتے ہیں جبکہ بچوں کی طرح چھپن چھپائی ان کا بھی پسندیدہ کھیل ہے۔جرمنی کے سائنس دانوں کے ایک گروپ نے چوہوں کی زندہ دلی کا عملی مظاہرہ دیکھنے کے لیے کئی ہفتے ان کے ساتھ بند کمرے میں گزارے۔

اس کمرے میں مختلف اجناس کے دانے بھی وافر مقدار میں رکھے گئے تھے۔سائنس دانوں کے اس گروپ میں دماغی امراض کے ماہرین بھی شامل تھے۔تحقیق کے دوران کمرے میں چوہوں کو ایک دوسرے کے تعاقب میں ادھر ادھر بھگتا ہوا دیکھنے اور چھپنے کے لیے کچھ خالی ڈبوں سمیت اسی طرح کی دیگر چیزیں رکھی گئی تھیں۔تحقیق کے دوران حیرت انگیز طور پر چوہوں نے انسانوں کو اپنے قریب دیکھ کر ڈرنے کے بجائے ان کے ساتھ کھیلنا پسند کیا۔

(جاری ہے)

تحقیق کے حوالے سے شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہ انسانوں کو اتنا قریب دیکھ کرخوف زدہ نہیں ہوئے بلکہ ان کے قریب کودتے اور دوڑتے رہے۔جب سائنس دانوں نے چوہوں کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ ڈرنے کے بجائے ان کے ساتھ کھیلتے رہے اور ان کے قریب اِدھر اٴْدھر چھلانگیں لگاتے رہے۔سائنس دانوں کے اس تجربے سے متعلق رپورٹ ایک موقر جریدے میں شائع ہوئی ہے۔تحقیق کے مطابق دودھ پلانے والے جانوروں کا آپس میں کھیلنا ایک ارتقائی خصوصیت ہے۔جرمنی کی ہمبلٹ یونیورسٹی کے شریک مصنف کونسٹنٹن ہارٹمین نے بتایا کہ چوہوں کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ کتنے ذہین ہوتے ہیں۔ان کے بقول چوہوں کا رد عمل ہمارے لیے اب بھی حیرت انگیز ہے۔

متعلقہ عنوان :