احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور دیگر کیخلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت فاضل جج کی رخصت کے باعث ملتوی کردی

ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور دیگر کیخلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت فاضل جج کی رخصت کے باعث ملتوی کردی۔آغا سراج درانی کہتے ہیں کہ کراچی قیام پاکستان کے وقت بھی دار الحکومت تھا اسے واپس دار الحکومت میں تبدیل ہونا چاہئے۔ کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کیخلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

فاضل جج کی رخصت کے باعث ریفرنس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ نیب کے مطابق آغا سراج درانی اور دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ آرٹیکل 149 کے مطابق وفاق صوبے کو صرف اور صرف مشورہ دے سکتا ہے۔ وفاق صوبے کو کنٹرول کرے گا ، یہ غلط اخز کیا گیا ہے۔ آغا سراج درانی نے پیر پگارا کے بیان کی حمایت کی۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ کراچی قیام پاکستان کے وقت بھی دار الحکومت تھا اسے واپس دار الحکومت میں تبدیل ہونا چاہئے۔ کراچی کے کچرے پر صرف اور صرف سیاست ہوئی ہے۔