ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1014 پوائنٹس کا اضافہ

سیاسی صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی اسٹاک مارکیٹ میں دلچسپی کی وجہ شرح سود میں کمی کے امکانات ہیں،ماہرین

ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:23

ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1014 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہزار پوائنٹس سے زائد کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈالر کے مقابلے روپیہ 40 پیسے مضبوط ہوا۔کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر مثبت رجحان رہا، یہی وجہ ہے کہ 100 انڈیکس 3 اعشاریہ 3 فیصد بڑھ گیا۔ مارکیٹ 1014 پوائںٹس کے اضافے سے 31 ہزار 481 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کا اوسط کاروباری حجم 13 کروڑ شیئرز رہا، تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 125 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے میں جہاں مقامی سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے وہیں بیرونی سرمایہ کاروں نے بھی 10 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق پاک بھارت کشیدگی اور ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی سٹاک مارکیٹ میں دلچسپی کی وجہ شرح سود میں کمی کے امکانات ہیں۔دوسری ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 40 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوا جبکہ انٹربینک میں ڈالر 13 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 19 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔