بھارتی فوج کی ایل اوسی پرسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری

بھارتی فوج کی ایل اوسی کے سیکٹرزنکیال اورجندروت میں بلااشتعال فائرنگ، 40 سالہ فاطمہ بی بی شہید، جبکہ 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:27

بھارتی فوج کی ایل اوسی پرسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 ستمبر2019ء) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بھارتی فوج نے آج پھرلائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پرابلااشتعال فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں40 سالہ خاتون فاطمہ بی بی اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے آج پھر سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل اوسی کے سیکٹرز نکیال اور جندروت میں بلااشتعال فائرنگ کردی ۔

فائرنگ کے نتیجے میں بالاکوٹ گاؤں کی رہائشی خاتون 40 سالہ فاطمہ بی بی شہید ہوگئیں۔ جبکہ فائرنگ سے 4خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں شدید ردعمل دیا۔ مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔

بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے 33 سالہ حولدار ناصر حسین شہید ہوگئے. شہید ناصر حسین کا تعلق نارووال سے تھا جنہوں نے 16 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ حاجی پیر سیکٹر آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں واقع ہے جسے گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی فورسز کی جانب بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ناصر حسین گزشتہ 3 روز کے دوران حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے جوان ہیں۔

ان سے قبل سپاہی غلام رسول بھی بھارتی فورسز کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے تھے جن کا تعلق بہاولنگر سے تھا. بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ 2 برس میں بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 مرتبہ سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی. بھارت کی جانب سے 5 اگست کو اپنے آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ کردیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی. اس اعلان سے کچھ گھنٹوں قبل ہی بھارت نے مقبوضہ وادی میں ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوج تعینات کرکے وہاں لاک ڈاﺅن اور کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ مواصلاتی نظام بھی مکمل طور پر بند کردیا تھا اور یہ کرفیو تاحال جاری ہے جبکہ ایل او سی پر بھی حالات کشیدہ ہیں۔