وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی سعودی عرب سے صوبائی انتظامیہ کو انسدادڈینگی کیلئے خصوصی ہدایات

انسداد ڈینگی مہم کومزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے، افسران فیلڈ میں ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر کام نہیں چلے گا، ڈینگی کا خاتمہ دفاتر میں بیٹھ کر نہیںبلکہ فیلڈ میںعملی اقدامات کرنے سے ہوگا:عثمان بزدار

ہفتہ 14 ستمبر 2019 18:00

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی سعودی عرب سے صوبائی انتظامیہ کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سعودی عرب سے صوبائی انتظامیہ کو انسدادڈینگی کیلئے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کومزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ڈینگی کے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ صحت کے حکام اورانتظامی افسران فیلڈ میں ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی ٹیموںکی مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ، لاہور اور دیگر شہروں میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد کیاجائے۔ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر کام نہیں چلے گا۔ ڈینگی کا خاتمہ دفاتر میں بیٹھ کر نہیںبلکہ فیلڈ میں عملی اقدامات کرنے سے ہوگا۔انہوںنے کہا کہ کاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات کر کے مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انسداد ڈینگی مہم میںتساہل کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں ۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزخود انسداد ڈینگی مہم کو لیڈ کریں۔وزیراعلیٰ نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت کی اورکہا کہ ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کوبہترین طبی سہولتیں مہیا کی جائیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چلڈرن ہسپتال لاہورمیں بجلی کی طویل بندش کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے بجلی کی بندش کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں بجلی کی بندش کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اوراس ضمن میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی بجلی کی جلد بحالی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔