مغربی سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے 2 واقعات میں 4 فوجی جوان شہید ،ایک زخمی ہو گیا۔آئی ایس پی آر

ہفتہ 14 ستمبر 2019 18:44

مغربی سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے 2 واقعات میں 4 فوجی جوان شہید ،ایک ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) مغربی سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 4 فوجی جوان شہید اورایک زخمی ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں اب خیل سپن وام کے قریب شرپسندوں نے سکیو رٹی فورسز کی معمول کی پٹرولنگ پارٹی پر رات گئے فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجہ میں سپاہی بلتستان کے رہائشی 23سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہو گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے دوران دو شرپسند مارے گئے۔ دیر میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے ایک دوسرے واقعہ میں دہشت گردوں نے سرحد پار سے فائرنگ کی اورباڑ لگانے میں مصروف پاک فوج کے دستوں کونشانہ بنایا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3سپاہی شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ شہید ہونے والوں میں 28سالہ لانس نائیک سید امین آفریدی ساکن ضلع خیبر، 31 سالہ لانس نائک محمد شعیب سواتی ساکن ضلع مانسہرہ، 22 سالہ سپاہی کاشف علی ساکن نوشہرہ شامل ہیں۔