Live Updates

ملک کی ترقی کیلئے ایک غریب شخص کی ترقی ضروری ہے،پولٹری سیکٹر نے بڑی تعداد میں ملازمتیں فراہم کیں‘ صاحبزادہ محمد محبوب سلطان

حکومت قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے‘ وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ

ہفتہ 14 ستمبر 2019 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محمد محبوب سلطان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے ایک غریب شخص کی ترقی ضروری ہے،ماضی میں ملکی قیادت نے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، پولٹری سیکٹر نے لوگوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے ذریعہ ملکی معیشت کو فروغ دینے میں نمایاں حصہ لیا اور لوگوں کو بڑی تعداد میں ملازمتیں فراہم کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر لاہور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ محمدمحبوب سلطان نے کہا کہ موجودہ حکومت قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،ملک کی ترقی کیلئے ایک غریب شخص کی ترقی ضروری ہے،پولٹری سیکٹر نے لوگوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے ذریعہ ملکی معیشت کو فروغ دینے میں حصہ لیا اور لوگوں کو بڑی تعداد میں ملازمت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پولٹری صنعت کو چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ہمارے سائنس دانوں کی طرف سے کی جانے والی تحقیق کے ذریعے فائدہ اٹھایا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور صوبائی حکومتوں کے ہم آہنگی کے پروگرام کے مطابق موجودہ حکومت نے پولٹری پروجیکٹ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کم پیداواری صلاحیت رکھنے والے لوگوں کو سبسڈی ریٹ پر چھ برڈ یونٹ اور بارہ برڈ یونٹ مہیا کررہی ہے۔

بیماری کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے بائیو سکیورٹی اور دیگر احتیاطی تدابیر کے علاوہ مرغی کے ٹیکے لگانے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویٹرنری محققین نے بھی مرغی سے متعلق بیماریوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل ملک میں ایوی انفلوئنزا کے پھیلاؤ کی نگرانی کررہی ہے تاکہ اس کی جانچ کی جاسکے ۔غربت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے بیک یارڈ پولٹری اسکیم شروع کی گئی ہے جس کا مقصد لوگوں کو روزگار کے حصول کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات