قتل کا الزام ثابت ہونے پر ملزم ندیم عرف نندو کو عمر قید بامشقت اور 4لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

ہفتہ 14 ستمبر 2019 21:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ فورتھ ایڈیشنل سیشن جج حیدرآباد جناب ایاز مصطفی جوکھیو کی عدالت نے قتل کا الزام ثابت ہونے پر ملزم ندیم عرف نندو کو عمر قید بامشقت اور 4لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے، جرمانہ ادا نہ کرنے پر مجرم کو مزید 6ماہ قید بھگتنا ہو گی، عدالت نے مقدمہ میں روپوش ملزم عمر خان کو اشتہاری قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

3مئی 2009ء کو تھانہ فورٹ پر شاکر نامی نوجوان کو چھریوں کے وار کر کے قتل کرنے کے الزام میں ملزمان ندیم عرف نندو، اویس حلیم، انور اور عمر خان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مقدمہ کے اندراج کے بعد ملزمان ندیم عرف نندو اور عمر خان مفرور ہوگئے تھے جبکہ ملزمان اویس حلیم اور انور کو پولیس نے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرکے جیل بھجوادیا تھا، مقدمہ کی سماعت کے بعد 9جنوری 2014ء کو فاضل عدالت نے الزام ثابت ہونے پر ملزم اویس حلیم کو سزائے موت اور ملزم انور کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، ملزمان ندیم عرف نندو اور عمر خان کو اشتہاری قرار دیا گیاتھا،ماتحت عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا کے خلاف ملزمان اویس حلیم اور انور کی طرف سے سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد میں نظرثانی کی درخواستوں دائر کی گئی تھیں، عدالت عالیہ نے مجرم اویس حلیم کی پھانسی کی سزا کو عمر قید اور ملزم انور کی عمر قید کی سزا کو کالعدم قرار دے کر اسے بری کردیا تھا، مقدمہ میں مفرور اشتہاری ملزم ندیم عرف نندو کی گرفتاری کے بعد مقدمہ کی دوبارہ شنوائی کے بعد عدالت عالیہ نے ملزم ندیم عرف نندو کو عمر قید با مشقت اور 4لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔