راولپنڈی،تھانہ صدر واہ پولیس کی بروقت کاروائی ، سینیٹری کی دوکان پر ڈکیتی کی واردات کرنے والے گینگ کا سرغنہ دو ساتھیوں سمیت گرفتار

ہفتہ 14 ستمبر 2019 21:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) تھانہ صدر واہ پولیس کی بروقت کاروائی ، سینیٹری کی دوکان پر ڈکیتی کی واردات کرنے والے گینگ کا سرغنہ دو ساتھیوں سمیت گرفتار ،پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ صدر واہ علاقہ میں واقع عمران نامی شخص کی سینیٹری کی دوکان پر تین نامعلوم ڈاکو گھس آئے اور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کرنا چاہی ،پولیس کو کسی ذرائع سے اطلاع مل گئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوئوں کو گھیر ے میں لے لیا ، ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جس کی شناخت شکیل عرف شکیلاکے نام سے ہوئی جو بین الاضلاعی شکیلا ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا، پولیس نے اس کے دوساتھیوں وجاہت اور شاہد کو بھی گرفتار کرلیا ، پولیس نے ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا ، سی پی او محمد فیصل رانا نے بروقت کاروائی کرنے پر ایس پی پوٹھوہار سید علی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اگر موقع پر پہنچ جائے تو ٹھوس شواہد ملنے کے ساتھ ساتھ خطر ناک ملزمان بھی گرفتار ہوجاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کرکے ان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے ، سی پی او نے کہا کہ ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران بے گناہوں کو زخمی اور قتل کرنے والے ملزمان انتہائی سفاک درندے ہوتے ہیں جو دولت کی حوس میں اپنے ساتھیوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرتے ، انہوں نے کہا کہ ملزمان کا ریکارڈ چیک کیا جائے اور جن جن تھانوں میں ملزمان کے خلاف مقدمات موجود ہیں ان میں بھی ان ملزمان کے خلاف کاروائی کی جائے ۔