پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے کوگرفتار کرنے کے بعد اسلحہ، منشیات، موبائل فون، ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور دیگر سامان برآمد کرلیا

ہفتہ 14 ستمبر 2019 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئی13ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، موبائل فون، ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائو ن پولیس نے کامبنگ آپریشن کے دوران پچاس گھروں کی تلاشی لی اور تین مشکوک افراد محمد شفیع، عمر زیب اور نیاز کو گرفتار کرلیا آپریشن کے دوران دو منشیات فروش عارف اور عثمان گرفتار کیے گئے اور ان کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی گئی، کورنگی پولیس نے کورنگی نمبر2 کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا فروش امان اور اس کے ساتھی عادل کو گرفتار کرکے 16 کلو گرام گٹکا ماوا برآمد کرلیا ، دوسری کارروائی میں ارسلان نامی گٹکا ماوا فروش جو پہلے ایک ایف آئی آر میں مفرور بھی تھا گرفتار کرلیا ملزم کے ساتھی وقاص کو چھاپہ مار کر 33/B کورنگی نمبر 2 سے گرفتار کیا جن کے قبضے سے 100 کلو گٹکا ماوا اور مشین قبضے میں لے لی گئیں پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ،ملیر پولیس نے ملیر ندی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے جائے وقوعہ سے ریتی سے بھرے ڈمپر اور دیگر مشینری تحویل میں لے لی، پولیس کے مطابق عدالت کی جانب سے ملیر ندی سے ریتی بجری اٹھانے پر مکمل پابندی عائد ہے پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ،گلشن معمار پولیس نے دو رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا پولیس کے مطابق ملزمان منشیات فروشی میں بھی ملوث ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ہیروئن کے درجنوں ٹوکن اور متعدد موبائل فون بھی برآمد کیے ہیں، پولیس نے بتایا کہ ملزمان ناردرن بائی پاس اور اطراف کے علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ، اسٹیل ٹاو ن پولیس نے نیشنل ہائی وے کے قریب قائم ایرانی ڈیزل کا غیر قانونی ڈپو سیل کردیا اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اسٹیل ٹاو ن پولیس نے خفیہ اطلاع پر نیشنل ہائی وے کے قریب چھاپہ مار کر ایرانی ڈیزل کا غیر قانونی ڈپو سیل کردیا اورموقع سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا پولیس نے ڈپو سے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور دیگر سامان برآمد کرلیا، پولیس نے بتایا کہ ملزمان غیر قانونی طور پر ایرانی ڈیزل جمع کرتے تھے اور بعد ازاں فروخت کرتے تھے، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔