انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط

میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 313 رنز بنا کر مجموعی طور پر 382 رنز کی برتری حاصل کر لی، ڈینلی 94 اور سٹوکس 67 رنز بنا کر نمایاں

ہفتہ 14 ستمبر 2019 22:57

انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط
اوول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی ہے، میزبان ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا کر مجموعی طور پر 382 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، جوئے ڈینلی نے 94 اور بین سٹوکس نے 67 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، نیتھن لیون نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو آخری ایشز ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے 9 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو روری برنز اور جوئے ڈینلی یکساں 4، 4 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا تاہم 54 کے سکور پر لیون نے برنز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وہ 20 رنز بنا سکے، کپتان جوروٹ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 21 رنز بنانے کے بعد لیون کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر سٹوکس نے ڈینلی کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر کینگروز بائولرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 127 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 214 تک پہنچا دیا، یہاں پر لیون نے سٹوکس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد ڈینلی کی ہمت بھی جواب دے گئی اور 94 کے سکور پر سڈل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، جونی بیئرسٹو کو 14 کے انفرادی سکور پر مچل مارش نے اپنا شکار بنایا، ثام کیورن 17 رنز بنا سکے، انہیں پیٹ کمنز نے اپنا نشانہ بنایا، کرس ووکس 6 رنز بنا کر چلتے بنے، جوز بٹلر کو 47 کے سکور پر سڈل نے آئوٹ کیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 313 رنز بنا کر مجموعی طور پر 382 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، جیک لیچ 5 اور جوفرا آرچر 3 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، لیون نے 3 جبکہ سڈل اور مارش نے 2، 2 اور کمنز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :