سعودی فوج کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا

سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ہونے والے حملے کے بعد فوج کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 ستمبر 2019 23:52

سعودی فوج کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2019ء) سعودی فوج کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا، سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ہونے والے حملے کے بعد فوج کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اپنی فوج کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر کیے جانے والے حالیہ حملے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

سعودی فوج کو حکم دیا گیا ہے کہ کسی بھی حملے یا ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے دمام کے قریب بقیق اور ہجرہ خریص کے آئل فلیڈز میں ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے تفصیلات جاری کیں جن کے مطابق آئل تنصیبات کو ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا بعد ازاں دونوں تنصیبات میں بھڑکی ہوئی آگ پر قابو پا لیا گیا اور اسے پھیلنے سے روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق سیکورٹی حکام حملے کے بعد سے مسلسل اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پلانٹ کی جگہ رہائشی علاقوں سے دور ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گرش میں آنے والے بعض وڈیو کلپس میں گولیاں چلنے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں جو یقینا ڈرون طیاروں کو نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے کی گئی کارروائی ہو سکتی ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق حالات اطمینان بخش ہیں اور ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئیں۔ ڈرون طیاروں کو بھیجنے والے ذرائع کا تعین کرنے اور حملے سے ہونے والے نقصانات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ جبکہ الجزیرہ کے مطابق یہ حملہ ممکنہ طور پر یمن کے خوثی باغیوں کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں مسلح ڈرونزکے ساتھ ساتھ راکٹ بھی استعمال کیئے گئے ہیں۔